نئی دہلی،26؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) حسب اعلان یوم جمہوریہ کے موقع پر آج دہلی میں کسانوں نے ٹریکٹر ریلی کا اہتمام کیا مگر اس دوران کئی مقامات پر پولس اور کسانوں کے درمیان جھڑپوں کی وارداتیں پیش آئیں جس میں گولی لگنے سے ایک کسان کی موت ہونے کی بھی خبر ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولس نے کئی مقامات پر کسانوں پر طاقت کا استعمال کیا، کئی جگہوں پر لاٹھی چارج سمیت آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔
اطلاع ہے کہ دہلی کے آؤٹر رِنگ روڈ پر جب کسانوں پر لاٹھی چارج ہوا تو مظاہرین دہلی کے آئی ٹی او کی طرف نکل گئے مگر وہاں پر بھی لاٹھی چارج کیا گیا ، بتایا جارہا ہے کہ یہاں ایک کسان کی موت واقع ہوئی ہے ۔ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ یہ موت پولس کے ذریعہ چلائی گئی گولی سے ہوئی ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ گولی کہاں سے چلی تھی۔
مہلوک کسان کی شناخت نونیت کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کا تعلق اتراکھنڈ سے تھا۔ نوجوان کسان کی موت کے بعد اس کی لاش کو سڑک پر رکھ کر بڑی تعداد میں کسانوں نے مظاہرہ کیا جس میں مظاہرین نے الزام لگایا کہ اس نوجوان کو پولس نے سر میں گولی ماری ہے۔